کالعدم تنظیم کا احتجاج؛ پنجاب رینجرز کے اختیارات اور کارروائی کا طریقہ طے کردیا گیا

 لاہور: \پنجاب حکومت نے کالعدم مذہبی تنظیم کی ریلی کو روکنے کے لئے رینجرز کے اختیارات اور کارروائی کا طریقہ کار طے کردیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کالعدم مذہبی تنظیم کی ریلی کو روکنے کے لئے رینجرز کے اختیارات اور کارروائی کا طریقہ کار طے کردیا ہے۔ جس کے تحت پولیس اوررینجرز کے پاس انسداد دہشت گردی کے اختیارات ہوں گے، پولیس کو رینجرز کی ہدایات کے مطابق کام کرنا ہوگا، رینجرز اور پولیس کو کم سے کم اسلحہ استعمال کرنے اجازت ہوگی، حملے کی صورت میں مقامی کمانڈر اسلحہ استعمال کی اجازت دے سکتا ہے۔

گزشتہ روز حکومت نے کالعدم تنظیم سے عسکریت پسند تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا تھا اور پنجاب بھر میں دو ماہ کے لیے رینجرز بھی تعینات کردی تھی۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔