تمام تر چیلنجوں کے باوجود توجہ روایتی صلاحیتوں میں اضافے پر مرکوز ہے، آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تمام ترچیلنجز کے باوجود ہماری توجہ روایتی صلاحیتوں میں اضافے پر مرکوز ہے جب کہ پاک فوج بشمول ایئرڈیفنس، سائبر اور میکنائزیشن کی صلاحیتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز ملتان کادورہ کیا، جہاں آرمی چیف کو آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔

بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوٹ عبدالحکیم میں اسٹرائیک کور کی مشقوں کا مشاہدہ کیا، جس میں بڑی آبی گذرگاہوں کو جارحانہ حکمت عملی کے تحت عبور کرنے کا مظاہرہ بھی شامل تھا، آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عزم کی تعریف کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج تربیت یافتہ اور جنگی امور کا وسیع تجربہ رکھتی ہے، جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی ملک کا دفاع کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ترچیلنجز کے باوجود ہماری توجہ روایتی صلاحیتوں میں اضافے پر مرکوز ہے، پاک فوج بشمول ایئرڈیفنس، سائبر اور میکنائزیشن میں صلاحیتوں میں اضافہ کررہے ہیں، انٹیلی جنس اور سرویپنس کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ تربیتی مشقوں سے جوانوں کے حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں نکھار آتا ہے، پاک فوج ملکی سرحدوں سمیت درپیش کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، آرمی چیف کا کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے استقبال کیا۔