لاہور: () وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے اپوزیشن جس شاخ پر بیٹھی ہے اسے ہی کاٹ رہی ہے، اپوزیشن کا رویہ موجودہ حالات کے تناظر میں قومی مفادات کے متصادم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اپنی خفت مٹانے کی خاطر احتجاج کا سہارا لیا ہے، کورونا ہو یا ڈینگی یا کوئی اور قومی چیلنج، اپوزیشن عناصر نے قومی مفادات کو ہمیشہ فراموش کیا، اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی، پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے غیر ذمہ دارانہ منفی رویے کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ترکی کے قومی دن پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان میں ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل کے نام تہنیتی پیغام میں ترکی کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی دعوت پر ترک سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ترکی کے قومی دن پر اپنے بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات موجود ہیں، ترکی نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک ترک تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت پر ترکی کے مشکور ہیں، پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔