
’آج پہلی بار بابر یا راشد میں سے کوئی متحدہ عرب امارات میں ہارے گا‘
افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ جمعے کے روز پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ کے موقعے پر پرسکون رہیں اور اس میچ کو صرف میچ کے طور پر سمجھیں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں۔
راشد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ اچھے میچز رہے ہیں جیسا کہ 2018 کے ایشیا کپ اور 2019 کے عالمی کپ کے مقابلے تھے۔ یہ بات انھوں نے پاکستان اور افغانستان کے میچ سے قبل جمعرات کے روز ہونے والی پریس کانفرنس میں کہی ہے۔
مگر راشد خان کو یہ کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
راشد خان نے یہ بات اس لیے کہی ہے کہ 2019 کے عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کے میچ کے موقعے پر کچھ ناخوشگوار واقعات پیش آئے تھے۔
راشد خان نے اسی میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ʹہم نے دیکھا تھا کہ اس میچ کے بعد کچھ ایسے واقعات اور چیزیں ہوئی تھیں جو نہیں ہونی چاہئیں تھیں۔ʹ