سیاست دانوں اور شوبز شخصیات کی قومی ہیرو کے ساتھ ناروا سلوک کی شدید مذمت

لاہور: () سیاست اور شوبز سے وابستہ شخصیات شعیب اختر کے حق میں بول پڑیں، قومی ہیرو کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کر دی۔ "شعیب اختر ” ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

شعیب اختر سے سرکاری ٹی وی پراینکر کی جانب سے تضحیک آمیز رویئے کے خلاف مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات قومی ہیرو کے حق میں سامنے آگئیں، وفاقی وزیر شبلی فراز نے ٹویٹ میں کہا کہ جو قوم اپنے ہیروز کی عزت نہیں کرتی وہ قوم ہیرو پیدا کرنا بھی چھوڑ دیتی ہے۔

 

سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹ میں لکھا، پی ٹی وی آپ مکمل طور پر ٹریک سے اتر گئے ہیں، یہ کسی فرد کےبارے میں نہیں، یہ ادارے کے بارے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کے بعد بحث کریں گے کیونکہ ہم اس خوشی کوخراب نہیں کرنا چاہتے جو ٹیم لا رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو آف ائیر کرنے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ شعیب اختر پہلے ہی استعفیٰ دے چکا اور کتنی بار اسے آف ائیر کرنا ہے؟ کوئی عقل کے ناخن لے لیں۔

علی زیدی بولے اس طرح کا رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا، قاسم سوری نے قومی ہیرو کے ساتھ ایک نام نہاد کرکٹ ایکسپرٹ کے انتہائی جاہلانہ رویے کی شدید مذمت کی۔

اداکار شاہد نے پی ٹی وی کی جانب سے بنائے جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کو مضحکہ خیز قرار دے دیا، کہتے ہیں سب جانتے ہیں کہ شعیب اختر سے سرکاری ٹی وی پر کس طرح کا رویہ اختیار کیا گیا۔

گلوکار فلک شبیر نے قومی ہیرو کےساتھ ناروا سلوک پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ ہم کسی کو بھی اپنے ہیروز کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شعیب اختر ہمارا فخر ہیں۔

اداکارہ ماورا حسین بھی شعیب اختر کے حق میں بول پڑیں، کہتی ہیں شعیب اختر ہمارے لیجنڈ ہیں، ان کے ساتھ تضحیک آمیز رویئے پر دلی افسوس ہوا، قوم آپ کی عزت کرتی ہے۔