کورونا وبا؛ کورونا کے فعال کیسز میں معمولی اضافہ
اسلام آباد: گزشتہ روز ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 48 ہزار 192 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 733 مثبت رہے، اس طرح ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.52 فیصد رہی جب کہ گزشتہ روز یہ شرح 1.44 فیصد تھی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک میں 12 لاکھ 73 ہزار 78 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 12 لاکھ 21 ہزار 535 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں گزشتہ روز کورونا کے 11 مصدقہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے، اس طرح اس وبا سے اب تک 28 ہزار 449 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔
اس وقت ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 94 ہے جب کہ 30 اکتوبر کو 22 ہزار 965 تھی، اسی طرح 30 اکتوبر کو ایک ہزار 366 افراد کی حالت تشویش ناک تھی جو کہ اب ایک ہزار 402 ہوگئی ہے۔