ٹی 20 ورلڈ کپ؛ گرین شرٹس ناقابل شکست رہنے کیلیے پُراعتماد
لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گرین شرٹس ناقابل شکست رہنے کیلیے پراعتماد ہیں جب کہ کپتان بابر اعظم کہتے ہیں کہ آئندہ میچز میں بھی کسی سہل پسندی کا شکار نہیں ہوں گے۔
جمعے کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ٹو میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا، ایک مرحلے پر گرین شرٹس کو فتح کیلیے 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے کہ آصف علی نے 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر مشن مکمل کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے جانے والے ویڈیو پیغام میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہماری بولنگ کی قوت کو دیکھا جائے تو افغانستان نے توقع سے زیادہ رنز اسکور کیے مگر یہ کوئی بات نہیں میچز میں ایسا ہوجاتا ہے، کوشش کریں گے کہ آئندہ میچز میں اسی غلطیاں نہ ہوں کہ حریف کو اننگز کے آخری میں بھی واپسی کا موقع ملے، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میرا رول یہی تھا کہ میچ کو آخر تک لیکر جاؤں، اس وقت ضرورت محسوس کرتے ہوئے راشد خان کو اسٹروک کھیلا، کریڈٹ افغانستان کو بھی دوں گا انھوں نے اچھی بولنگ کی، انھیں بہترین بولرز کی خدمات حاصل ہیں، افغانستان کے خلاف جیت کا کریڈٹ آصف علی کو جاتا ہے انھوں نے میچ ایک اوور میں ہی ختم کردیا، جارح مزاج بیٹسمین نے گزشتہ دونوں میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، آصف علی اسی پاور ہٹنگ کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، باحیثیت کپتان بہت اعتماد ملتا ہے کہ ٹیم میں مشکل صورتحال میچ جتوانے والے کھلاڑی موجود ہیں۔
بابر اعظم نے شائقین سے درخواست کی کہ اچھے اور برے وقت میں آپ کی سپورٹ چاہیے جو کہ آپ کرتے بھی ہیں لیکن جب کسی کھلاڑی کا برا وقت ہوتا ہے تب آپ اس کو سپورٹ کریں تو کھلاڑی بھی زیادہ اعتماد کے ساتھ اچھا پرفارم کر کے دکھا ئیں گے، کوشش کریں گے کہ کسی سہل پسندی کا شکار نہ ہوں اور آئندہ میچز میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں۔
آصف علی نے کہا ہے کہ خوش قسمت ہوں کہ ان ملکی حالات میں بھی میری وجہ سے پاکستانیوں کو خوشی ملی، شاداب خان کے اصرار کے باوجود سنگل نہیں لی،اعتماد تھا کہ اگلے اوور میں میچ ختم کرسکتا ہوں، یہی سوچ رہا تھا کہ جو گیند ملے گا اسے مڈل کروں گا، اس سائیڈ کی چھوٹی بائونڈری کو ذہن میں رکھتے ہوئے گیند کو باہر پھینکنے کا پلان بنایا جو کامیاب رہا۔
انھوں نے کہا پاکستان ٹیم کا ماحول بہت خوشگوار ہے،ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا،تمام کھلاڑی ایک دوسرے کو بھرپور سپورٹ کرتے ہیں، سینئرز دیگر پلیئرز کو جونیئر ہونے کا احساس نہیں ہونے دیتے، جونیئرز اپنے سینئرز کا احترام کرتے ہیں، کیمپ میں بڑا دوستانہ ماحول ہے، پرستاروں سے گزارش ہے کہ ہمیں سپورٹ کرتے رہیں، ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کا اگلا میچ منگل کو نمیبا سے ہوگا، ابوظبی میں ہونے والے اس مقابلے میں کمزور حریف کیخلاف پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کی تجویز زیر غور ہے، محمد حفیظ ابھی تک اپنے تجربے اور ٹیلنٹ سے انصاف نہیں کرپائے، ان کی جگہ نوجوان بیٹسمین حیدر علی کو پہلی بار میگا ایونٹ میں صلاحیتوں کا اظہار کا موقع دیا جاسکتا ہے،حسن علی کی کارکردگی میں بھی تسلسل کی کمی نظر آئی ہے،ان کو آرام دیکر وسیم جونیئر کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے،حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا،گرین شرٹس نے گزشتہ روز آرام کو ترجیح دی،قومی کرکٹرز کی کوئی سرگرمی شیڈول نہیں کی گئی تھی، اتوار کو بھی افغانستان سے میچ کی فاتح الیون آرام کرے گی، اسکواڈ می شامل باقی 7 کھلاڑی ٹریننگ کریں گے۔
یاد رہے کہ فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والی پاکستان ٹیم کے گروپ ٹو میں سرفہرست رہنے کا امکان روشن ہے کیونکہ نمیبیا کے بعد اگلا میچ ایک اور کمزور ٹیم اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔