ویڈیو: ’پورا انڈیا تمہارے پیچھے ہے‘، اسکاٹش وکٹ کیپر کا نیوزی لینڈ سے میچ میں جملہ

گزشتہ روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کی ٹیموں کے درمیان دو میچز کھیلے گئے اور دونوں میچز بھارت کے حوالے سے نہایت اہم تھے۔

پہلا میچ نیوزی لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جبکہ دوسرا میچ بھارت اور افغانستان کے درمیان ہوا۔

دونوں میچز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں۔

 

بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ کو لیکر ٹاس سے پہلے کی ویڈیو پر کافی سوالات اٹھ رہے ہیں جس میں افغانستان کے کپتان ٹاس جیتتے ہیں لیکن بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی جانب سے انہیں کہا جاتا ہے کہ بولنگ پہلے کرنی ہے۔

پھر افغان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ ہوتی ہے ’Well Paid India’ جسے بعد میں paid کی جگہ played لکھ کر درست کیا جاتا ہے۔

اب سوشل میڈیا پر نیوزی لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کا ایک چھوٹا سا کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کے دوران اسکاٹ لینڈ کے وکٹ کیپر  میتھیو کراس کو Whole India behind to you, everybody (پورا انڈیا تمھارے پیچھے کھڑا ہے) کہتے سنا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں واپس آنے کے لیے افغانستان سے کم از کم 60 رنز سے جیتنا لازمی تھا اور بھارت نے 66 رنز سے فتح سمیٹی لیکن اس کے باوجود بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی کا دارومدار نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ پر ہے۔