کیا آپ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے اصغر افغان اور پاکستان کے خلاف میچ کے ایک اوور میں 24 رنز دینے والے کریم جنت کے آپس میں تعلق کے بارے میں جانتے ہیں؟
پاکستان اور افغانستان کا 29 اکتوبر کو ہونے والا میچ انتہائی دلچسپ رہا اور دونوں ٹیموں نے جیت کے لیے پورا زور لگایا لیکن پھر سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت پاکستان کے حصے میں آئی۔
افغانستان کیخلاف میچ جیتنے کیلئے پاکستان کو 2 اوورز میں 24 رنز درکار تھے اور وکٹ پر آصف علی کیساتھ شاداب خان موجود تھے جبکہ افغانستان کے کپتان محمد نبی نے بال کریم جنت کے ہاتھ میں تھمائی۔
کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ میچ 6 گیندیں پہلے ہی ختم ہو جائے گا لیکن آصف علی نے کریم جنت کے ایک ہی اوور میں 4 بلند و بالا چھکے لگا کر ناصرف میچ کا پانسہ پلٹ دیا بلکہ افغانستان کے سابق کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز اصغر افغان کو ریٹائر ہونے پر بھی مجبور کر دیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اصغر افغان جن کا اصل نام اصغر استنکزئی ہے نے اعتراف کیا کہ پاکستان کیخلاف شکست سے دلبرداشتہ ہو کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ہی ریٹائر ہونے کا اعلان کیا۔
اب بات کرتے ہیں کریم جنت کی جو افغانستان کی ٹیم کے بولنگ آل راؤنڈر ہیں لیکن یہ بات شائد بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں کہ کریم جنت افغانستان کے سابق کپتان اور حال ہی میں ریٹائر ہونے والے اصغر افغان کے چھوٹے بھائی ہیں۔
کریم جنت نے دسمبر 2016 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا اور وہ اب تک 31 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ وہ ایک ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں۔