حکومت کیخلاف فیصلہ کن مارچ کی صورت میں پی پی کا پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کا امکان

حکومت کے خلاف فیصلہ کن مارچ کی صورت میں پیپلز پارٹی کا دوبارہ پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) میں شمولیت کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے پی ڈی ایم رہنماؤں کے ورچوئل اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ڈی ایم اجلاس میں حکومت کو آخری ڈیڈ لائن دے کر لانگ مارچ شروع کیے جانے کی تجویز زیر غور آئے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ پر مختلف سیاسی جماعتوں سے رائے لی جائے گی، حکومت مخالف فیصلہ کن مارچ پر اتفاق رائے کی صورت میں پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کی واپسی کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں حکومت سے پیڑولیم مصنوعات اور بجلی کی قمیتوں میں کمی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز  شریف نے بھی چیئرمین پیپلز  پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ملکی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔