داعش افغانستان سے اگلے سال امریکا پر حملہ کر سکتی ہے، پینٹاگون
واشنگٹن پینٹاگون نے کہا ہے کہ داعش افغانستان سے امریکا پر اگلے سال حملہ کر سکتی ہے۔
امریکہ میں پینٹاگون حکام نے کانگریس کو بتایا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان 6 ماہ میں امریکا پر حملہ کر سکتی ہے اور وہ ایسا کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، نائب وزیرخارجہ کوہل نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس کمیونٹی نے حال ہی میں جائزہ لیا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان امریکا سمیت بیرون ممالک میں کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی حکام نے کابل ائیرپورٹ پر داعش خراسان گروپ کے حملے کی بھی پہلے ہی اطلاع دے دی تھی جس کے بعد حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو خودکش بمبار نے نشانہ بنایا تھا، اس واقعے میں کم از کم 183 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے کو بنیاد بنا کر امریکہ نے افغانستان پر 2 ڈرون حملے کئے جن میں ایک افغان امدادی کارکن سمیت 10 افغان شہری جاں بحق ہو گئے تھے جن میں 7 بچے بھی شامل تھے۔