آسٹریلین ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، شیڈول جاری
لاہور: () آسٹریلین کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلین ٹیم 24سال بعد پاکستان کے دورے پر آئے گی، مہمان ٹیم کے دورے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کینگروزتین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شیڈول ہے، دوسرا ٹیسٹ میچ 12سے16 مارچ کے مابین راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ تیسرے میچ کا آغاز 21 مارچ کو لاہور میں ہو گا جو 25 مارچ تک جاری رہے گا۔ سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جو 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان آئی تھی جب مارک ٹیلر کی قیادت میں کینگروز نے پاکستان کو سیریز میں ایک صفر سے شکست دی۔