وزیراعظم عمران خان نے اپیکس کمیٹی کا ماہانہ اجلاس بلانے کا حکم دے دیا

اسلام آباد: () وزیراعظم نے اپیکس کمیٹی کا ماہانہ اور ایگزیکیوشن کمیٹی کا اجلاس 15 دن بعد بلانے کا حکم دے دیا۔ عمران خان نے 200 ارب کے منصوبوں اور تربت ائیرپورٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں عمران خان نے ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران اپیکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس منعقد ہوا، بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، ملک میں مقامی طور پر پیدا ہونے والی گیس کا 40 فیصد بلوچستان سے حاصل ہوتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ہر ماہ اجلاس کی صدارت کرونگا، بلوچستان میں بکھری ہوئی آبادی کے باعث مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں، بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے حل تلاش کرنا ہوں گے۔ وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی، وزارت توانائی، وزارت سمندری امور اور حکومت بلوچستان کو پیکج پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کر دی۔