کچھ دل خوش کن خبریں

جب مہنگائی کا سیلاب سارے بند توڑ کر عوام پر اس طرح آئے کہ لوگوں کی سمجھ میں نہیں آرہا ہو کہ وہ کس طرح اپنے آپ کو بچائیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ عمران خان بھی بے بس ہیں۔ ان کے پاس کہنے کو ایک ہی بات ہے کہ یہ مہنگائی پوری دنیا میں ہو رہی ہے۔ جب وہ کسی چیز کے مہنگا ہونے کا نوٹس لینے کا اعلان کرتے ہیں تو وہ اور مہنگی ہوجاتی ہے، جب یہ اعلان کرتے ہیں کہ چینی 130روپے کلو سے کم کرکے 100روپے کلو تک لائیں گے تو دوسرے دن سے وہ 160روپے کلو تک پہنچ جاتی ہے۔ اسی لیے کسی سیاسی رہنما نے یہ بیان دیا تھا کہ وزیر اعظم صاحب کسی چیز کے نوٹس لینے کا نہ کہا کریں۔ ہم کو ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف نے اس طرح دبوچا ہوا ہے کہ سانس لینا مشکل ہورہا ہے نجانے ہم کب ان مصیبتوں سے چھٹکارا حاصل کرپائیں گے؟ بین الاقوامی مارکیٹ میں اب پٹرول کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں بھارت نے اپنے یہاں پٹرول سستا کیا ہوا ہے لیکن آئی ایم ایف ہم سے روز بروز اس میں اضافے کا مطالبہ کررہا ہے۔ چلیں اس گھٹن کے ماحول میں کچھ اچھی خبروں کو دیکھتے ہیں۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر نے اس کو محفوظ کیا، قیام پاکستان کے بعد برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم کا خطاب دیا جو، اب ان کے نام کا حصہ ہو گیا اسی طرح جب ڈاکٹر عبدالقدیر نے ایٹم بم بنایا تو پاکستانی قوم نے انہیں محسن پاکستان کا خطاب دیا قائد اعظم کی طرح محسن پاکستان بھی ڈاکٹر قدیر کے نام کا حصہ بن گیا ڈاکٹر عبدالقدیر نے ایٹم بم کے بعد اس قوم پر ایک اور احسان عظیم کیا ہے کہ انہوں نے سائنسدانوں ایک ایسی ٹیم تیار کی ہے کہ اس ٹیم کی کارکردگی نے پوری دنیا کو حیران و پریشان کیا ہوا ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر کی بنائی ہوئی سائنسدانوں ایسی ذہین اور مضبوط ٹیم ہے کہ جس نے شارٹ رینج کے جو ایٹمی میزائل بنائے ہیں ان سے بھارت فکر مند بھی ہے اور خوفزدہ بھی اس لیے کہ اس کے پاس ایسے میزائل نہیں ہیں خوشی کی اصل بات یہ ہے کہ پاکستانی سائنسدانوں نے ایف تھنڈر 17 طیارے بنائے ہیں اور اسی طیارے سے پاکستانی پائلٹوں نے بھارت کے دو جہازوں کو مارگرایا تھا جب سے اس جہاز کی مارکیٹ ویلو بہت بڑھ گئی ہے یہ جنوبی کوریا کے بنائے ہوئے ایک جہاز کی طرح ہے نائیجریا اور میانمر (برما) ہم سے یہ طیارے خرید چکے ہیں جبکہ 12ممالک کے آرڈرز آئے ہوئے ہیں پاکستان کے یہ طیارے جنوبی کوریا کے طیاروں سے معیار میں بہتر ہیں یہ وزن میں ہلکے ہیں یہ زمین سے فضا اور فضا سے فضا میں اور فضا سے سمندر کے اندر اپنے حدف کو شکار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس طیارے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اپنے شکار کو لاک کردیتا ہے یعنی ایک دفعہ اس نے دشمن کے جہاز کو لاک کردیا اب وہ جہاز چاہے اوپر جائے یا نیچے دائیں مڑے یا بائیں وہ میزائل جو اسے لاک کرکے چلایا گیا اسے لگ کر رہے گا اس کا عملی تجربہ فروری 2019 میں ہو چکا ہے پھر ان طیاروں کے لیے ذہین چالاک اور چاق و چوبند پائلٹ ہونا چاہیے جو الحمدللہ پاکستان کے پاس ہیں۔
دوسری خوشی کی خبریں کھیل کے میدان سے ہے جہاں پاکستان کی کرکٹ ٹیم ہر ملک سے اپنے قرض چکا رہی روایتی حریف بھارت نے پچھلے ہر T-20 ورلڈ کپ کے تمام کی تمام 12میچ جو پاکستان سے ہوئے وہ جیتے ہوئے تھے، اس لیے ان کا میڈیا تو بہت بڑھ چڑھ کر متکبرانہ لہجے میں بات کررہا تھا وہ اپنے تجزیوں میں پاکستان کو میچ سے پہلے ہی ہرا چکا تھا کہ پاکستان اگر پہلے کھیلا تو بس زیادہ سے زیادہ 80رنز بنا سکے گا، لیکن جب میچ ہوا تو پاکستان کی عظیم الشان جیت ایک طرف اور بھارت کی پچھلی 12فتح اس کے سامنے ماند پڑگئیں بھارتی ٹیم سکتے میں آگئی پورے انڈیا اور اس کے میڈیا میں موت کی سی خاموشی چھا گئی کچھ دن بعد ان کی سانسیں بحال ہوئیں تو پھر اپنے تجزیوں اور تبصروں میں پاکستانی ٹیم کی تعریفیں ہونے لگیں اور اپنی ٹیم کی خامیاں بیان کی جانے لگیں، دوسرا میچ نیوزی لینڈ سے تھا وہ نیوزی لینڈ جس نے کھیل شروع ہونے سے دو گھنٹے پہلے سیکورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان سے واپس جانے کا اعلان کردیا جس سے شائقین کرکٹ کو شدید صدمہ پہنچا، پاکستان نے اس ٹیم کو ہرا کر اس سے بھی اپنا قرض چکا لیا۔ تیسرا میچ افغانستان سے ہوا جو پاکستان نے جیت لیا ویسے تو افغانستان سے آج کل دوستی ہے لیکن افغان کرکٹ ٹیم اشرف غنی کے دور کی بنی ہوئی ہے اور یہ بھارت میں آئی پی ایل کھیلتے رہے ہیں کروڑ پتی کھلاڑی ہیں ان کی دلچسپیاں بھارت کے ساتھ زیادہ ہیں اس لیے ان کو ہرانا بھی بہتر رہا۔ چوتھا میچ نمیبیا سے تھا پاکستانی ٹیم تو کسی بھی کمزور ٹیم سے ہار جانے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن نمیبیا کو ہرا کر اپنا وہ بدلہ بھی چکا لیا کہ ایک موقع پر نمیبیا نے پاکستان کو ہاتھی فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ پانچواں اور آخری میچ اسکاٹ لینڈ سے اس لیے جیتنا ضروری تھا کہ پاکستان اب تک تمام میچوں میں ناقابل شکست unbeaten کہلائے۔ پاکستان کو انگلینڈ سے اپنا حساب کتاب چکانا تھا لیکن پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ نے ہرا دیا ہے اگر جمعرات 11نومبر دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان آسٹریلیا کو ہرا دے جس وقت آپ یہ تحریر پڑھ رہے ہوں گے تو یہ میچ ہو چکا ہوگا اور اتوار14نومبر کو پاکستان کا نیوزی لینڈ سے فائنل میچ ہوگا اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں فائنل جیتنے کی خوشی بھی حاصل ہو آمین۔ تیسری خوش کن خبر یہ ہے کہ تحریک لبیک پاکستان سے حکومت کا معاہدہ ہو گیا ہے تحریک لبیک نے وزیرآباد خالی کردیا ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے یہ اچھی خوشخبری ہے چوتھی خبر یہ ہے کہ پاکستان کے تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اس میں افغان طالبان نے سہولت کار کا رول ادا کیا پاکستان بہت حد تک خونریزی سے محفوظ ہو گیا قومی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس میں ہماری عسکری قیادت نے ہماری سول قیادت اور دیگر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا ہے، اس پر موقع ملا تو الگ سے تفصیلا اظہار خیال کریں گے، چلتے چلتے ایک اور اچھی خبر بھی سن لیں کہ اس سال پاکستان میں کپاس کی پیداوار پچھلے برسوں سے 84فی صد زیادہ ہوئی ہے۔

کچھ دل خوش کن خبریں