خاکہ بناکر نوعمر لڑکے کا رضوان کو خراجِ تحسین، کرکٹر بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے
پاکستان کے وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹر محمد رضوان کو ایک نوعمر لڑکے نے خاکہ بناکر خراجِ تحسین پیش کیا جس نے رضوان کو بے حد متاثر کیا۔
محمد رضوان نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لڑکے کی جانب سے بنائی گئی اپنی تصویر شیئر کی اور اس کے فن پر خوب داد بھی دی۔
قومی کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ فرحان علی یہ ناقابلِ یقین ہے، آپ کی اس محبت اور سپورٹ کا بے حد شکریہ۔ آپ گلگت بلتستان کا فخر ہیں۔
محمد رضوان نے مزید لکھا کہ میرا مکمل یقین ہے کہ بچے ہی ہمارے ملک کا اصل اثاثہ ہیں، بچے پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، جس کام سے آپ کو محبت ہے اس کو جاری رکھیں۔
محمد رضوان کا یہ خاکہ سوشل میڈیا کے کئی پیجز پر وائرل ہے جس پر صارفین نوعمر لڑکے کی اس کاوش اور کرکٹر سے محبت کو سراہ رہے ہیں جب کہ اسے اپنے اس فن کو جاری رکھنے کی بھی تلقین کر رہے ہیں۔