کیا شعیب اختر کرکٹ میں دوبارہ واپس آرہے ہیں؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ایک بار پھر کرکٹ جوائن کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شعیب اختر کی جانب سے سیاہ اور سبز رنگ کی ایک ڈریس کٹ شیئر کی گئی ہے، شیئر کی گئی شرٹ پر 14 نمبر درج ہے (خیال رہے کہ شعیب اپنے کرکٹ کیریئر میں اسی نمبر کے ساتھ کھیلتے آئے ہیں)۔
شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں شعیب اختر نے لکھا کہ ایک بار پھر نمبر 14 (شرٹ ) کو پہننے کا وقت آگیا ہے۔
فی الحال شعیب اختر کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ وہ یہ شرٹ کب اور کس ٹورنامنٹ میں پہنیں گے؟
تاہم اس حوالے سے شعیب کے مداحوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے اور شعیب اختر کی پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے تبصروں کا ایک تانتا بندھ گیا ہے۔
سابق فاسٹ بولر کی پوسٹ پر متعدد مداح اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں جس میں سے اکثریت جاننے کے خواہشمند ہیں کہ شعیب یہ کٹ کس ٹورنامنٹ میں پہنیں گے۔