بھارتی ہٹ دھرمی: مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی میتیں واپس کرنے سے انکار
وادی: () بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی میتیں واپس کرنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی غاصب فوج نے 2 روز قبل 3 تاجروں اور ایک ڈاکٹر کو قتل کیا۔
بھارتی فورسز اب شہداء کا جسد خاکی واپس کرنے سے انکاری ہے۔ شہدا کے ورثا نے دوسرے روز بھی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور لاشیں واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت فوج نے شہدا کو ہندواڑہ کے جنگلات میں دفن کر دیا۔
دوسری جانب پاکستان نے قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شہدا کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ سے اب تک جعلی مقابلوں یا نام نہاد سرچ آپریشنز میں کم از کم 30 کشمیری شہید ہوئے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہری، خواتین، بچے اور بزرگ بھارتی افواج کی ریاستی دہشتگردی سے محفوظ نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کئی واقعات میں شہید کشمیریوں کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل ناقابل تردید حقائق کی بھی توثیق کرتا ہے، حقائق پاکستان نے حال ہی میں ایک جامع ڈوزیئر میں فراہم کئے تھے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا فوری نوٹس لے۔