لاہور: () وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے بعد ڈینگی پر اپوزیشن کا سیاست کرنا بے حسی اور سنگدلی کی انتہاء ہے، اپوزیشن عناصر مخالفت برائے مخالفت میں انسانی زندگیوں پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنے سے باز نہیں آئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے موجودہ حالات میں سیاست چمکانا افسوسناک ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے، اپوزیشن عناصر کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے، اپوزیشن کا ایجنڈا ذاتی مفادات کا تحفظ اور دروغ گوئی ہے، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے، پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے اس غیر ذمہ دارانہ منفی رویے کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ادھر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں سکوائش کا میگا ایونٹ کرانے پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعلی عثمان بزدار نے منظوری دے دی۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سکوائش ٹورنامنٹ کو ہارس اینڈ کیٹل شوکے ساتھ منعقد کرایا جائے گا، پنجاب میں سکوائش کے فروغ کیلئے ڈویژنل سطح پر ٹریننگ اکیڈمیاں بنائی جائیں گی، تحصیل سپورٹس کمپلیکس میں سکوائش کورٹ بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، سکوائش کے کھلاڑیوں کی تربیت کے حوالے سے پنجاب حکومت سے تعاون کریں گے۔
صدر سکوائش ایسوسی ایشن پنجاب نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ لاہور میں 200 بچوں کی سکوائش ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔