سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی جبکہ سابق چیف جسٹس نے خود سے منسوب آڈیو کلپ کی تردید کردی۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مبینہ آڈیو ٹیپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانے کیلئے نواز شریف کو سزا دینی ہو گی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی۔
مبینہ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردید
دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردید کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آڈیو میں آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے، کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔
جیو نیوز کے سوال کہ کیا آڈیو کے معاملے پر کوئی قانونی نوٹس بھیجیں گے؟ اس پر ثاقب نثار کا کہنا تھاکہ سوچ رہا ہوں کیا قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔