ملک میں پیٹرول پمپس بند ہونے سے ریسکیو سروسز بھی متاثر ہوگئیں۔
کراچی میں رفاہی اداروں کی ایمبولینس سروس 50 فیصد تک متاثر ہوئی ہےاور ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ 50 فیصد ایمبولینسوں میں پیٹرول ختم ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فائر بریگیڈ کے تین ٹینڈرز میں بھی ڈیزل نہیں جب کہ گوجرانوالا میں پیٹرول کی کمی سے ریسکیو سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول ڈلواتے ہیں، ذخیرے کا انتظام نہیں ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مارجن بڑھانے کے مطالبے پر ملک بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔