بھارتی وزیر سمرتی ایرانی کو کپل شرما شو میں داخلے سے روک دیا گیا
ممبئی: (ویب ڈیسک) بی جے پی کی وزیر اور سابق ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی کو "کپل شرما شو”میں شرکت سے روک دیا گیا،بعد ازاں کپل شرما کی معذرت کے باوجود سیٹ پر واپس آنے سے انکار کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی یونین وزیر سمرتی ایرانی نے اپنی کتاب کی تشہیر کیلئے "کپل شرما شو”کا انتخاب کیا، جب وہ شو میں شرکت کیلئے پہنچیں تو وہاں متعین سیورٹی گارڈ نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ سمرتی نے اپنا تعارف کروایا مگر محافظ نے یہ کہتے ہوئے دوبارہ انکار کیا کہ آپ کی آمد کی اطلاع نہیں دی گئی، بحثیت وزیر آپ کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات نہیں کئے گئے لہذا ٓٓپ کو داخلے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
بھارتی وزیرسمرتی ایرانی آدھے گھنٹے تک منتظر رہیں تاہم ان شو میں نہیں بلایا گیا، سمرتی کے واپس جانے کے بعد کپل شرما کو بتایا گیا تو انہوں نے محافظ کو شدید ڈانٹ ڈپٹ کی اور سمرتی سے رابطہ کر کے معذرت کی اور واپس بلایا تاہم سمرتی ایرانی نے یہ کہہ کر واپسی سے انکار کر دیا کہ ان کی فلائٹ کا وقت ہو گیا ہے۔