وزیراعلیٰ پنجاب سے علیم خان کی ملاقات، وزارت سے استعفیٰ دیدیا

پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو وزارت سے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر اور وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ملاقات کی۔

عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اپنی وزارت سے استعفیٰ پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علیم خان کی خدمات کو سراہا۔

عثمان بزدار نے علیم خان کو پارٹی کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، آپ نے سینئر وزیر اور وزیر خوراک کی حیثیت سے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سینئر وزیر اور وزیر خوراک کے طور پر علیم خان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ علیم خان نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں صوبائی وزیر کی حیثیت سے استعفیٰ دینے پر قائل کیا ہے۔