کراچی: () بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کے حق حاکمیت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، وقت آگیا اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو موقع دیا جائے، لاڈلہ سازی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں تمام جیالوں اور قوم کو یومِ تاسیس کی مبارکباد دی اور کہا کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد اب پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، پارٹی کا منشور و لائحہ عمل ہی اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک تحریک، جس کی اساس قائدِ عوام کا نظریہ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیاں ہیں، پیپلزپارٹی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کر کے بھی ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیئے۔