اسلام آباد: () فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے سرکاری اراضی پر قبضے کرائے، تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم نے زمینوں کے آڈٹ کا حکم دیا، اراضی کی ڈیجیٹل میپنگ کی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ہر اچھے کام میں رکاوٹ ڈالتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اراضی کی ڈیجیٹل میپنگ کی جا رہی ہے، ماضی کی حکومتوں نے سرکاری اراضی پر قبضے کرائے، 3 ہزار ارب روپے کی زمین پر غیرقانونی قبضہ ہے، اسلام آباد میں 500 ارب روپے کے تجاوزات ہیں، پورے ملک میں 55 سو ارب روپے کی زمینوں پر قبضے ہیں، پاکستان میں اوورسیز کی زمینوں پر قبضے کئے جاتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں حکومت میں آکر سرکاری زمینوں پر قبضے کرتی ہیں، کراچی میں نسلہ ٹاور کا مسئلہ اس کی مثال ہے، جنگلات کی 5200 کنال اراضی کو واگزار کرایا گیا ہے، غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کو ڈیڑھ ارب روپے جرمانہ کیا گیا، اسلام آباد میں میگا پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے اسلام آباد کیلئے نہیں سوچا، دیہات کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔