خیبرپختونخوا: سرکاری محکموں میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل گورننس کا منصوبہ
پشاور: () خیبرپختونخوا میں عوام کو گھرکی دہلیز پرسہولیات کی فراہمی اورسرکاری محکموں میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل گورننس شروع کی جائیگی، ابتدائی طورپرتین محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن ہوگی۔
خیبرپختونخوا میں عوام کو سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات دلانے کےلیے ڈیجیٹل گورننس پروگرام شروع کیا جائیگا،شہری بنیادی سہولیات گھر بیٹھے بٹھائے ہی حاصل کرسکیں گے۔
ڈیجیٹل گورننس پروگرام کے تحت حکومتی امورکا تمام نظام ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان کہتے ہیں الگ پروگرام کی منظوری ہو گئی ہے، اگلے7 ماہ میں ابتدائی طور پر لوکل گورنمنٹ سمیت تعلیم و صحت کے محکموں سے آغاز کیا جائیگا۔
مختلف کاموں کی غرض سے سرکاری دفاترکے چکروں پرمجبورشہریوں نے بھی جہاں حکومتی اقدامات کو سراہا تو وہیں اس پرجلد ازجلد عملدرآمد کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔
ڈیجیٹل گورننس پروگرام سے جہاں شہریوں کو ڈیتھ اور برتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر سہولیات کے حصول میں آسانی ہوگی تو وہیں سرکاری اداروں سے کرپشن کا خاتمہ بھی ہوگا۔