اسرائیلی وزیراعظم کا عالمی برادری سے ایران کیخلاف سخت الیکشن لینے کا مطالبہ

اسرائیلی وزیراعظم نے عالمی برادری سے ایران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ نے جوہری معاہدے سے متعلق بات چیت پر ایران کے خلاف سخت ایکشن لینے پر زور دیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے وزارت دفاع اور انٹیلی جنس حکام کے ہمراہ واشنگٹن روانگی کے موقع پر گفتگو کی۔

اسرائیل نے 2015 کے جوہری معاہدے پر ایران اور عالمی طاقتوں کی بیٹھک پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ویانا میں ایران سے مذاکرات کرنے والے ہر ملک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف سخت ایکشن لیں اور اس پر یہ واضح کریں کہ وہ مذاکرات کے وقت میں ہی یورینیم کی افزودگی نہیں کرسکتا۔

نفتالی نے کہا کہ ایران کو مذاکرات کے دوران اس خلاف ورزی کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

واضح رہےکہ ایران میں نئی حکومت کے قیام کے بعد گزشتہ ہفتے پانچ ماہ سے تعطل کا شکار مذاکرات ایک بار پھر شروع ہوئے ہیں جس میں یورپی اور امریکی مذاکرات کاروں نے ایران کے مؤقف پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔