نومبر میں دنیا کا بہترین کرکٹر کون رہا؟ نامزدگیوں میں 2 پاکستانی بھی شامل
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے نومبر کے پلیئر آف دی منتھ کیلئے کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی مینز اور ویمنز پلیئر آف دی منتھ کیلئے تین،تین کھلاڑیوں کو نامز د کیا گیا ہے۔
بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 133 اور دوسری میں 91 رنز بنانے والے پاکستان کے بیٹر عابد علی نومبر کے مینز پلیئر آف دی منتھ کی فہرست میں شامل ہیں۔
عابد علی کے علاوہ مینز کیٹیگری میں نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ویمنز پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں میں پاکستان کی بائیں ہاتھ کی اسپنر انم آمین شامل ہیں۔
انم آمین کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے میچز میں 9 وکٹیں اور ورلڈکپ کوالیفائر میں زمبابوے کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کرنے پر نومبر کی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
ویمنز کیٹیگری میں بنگلادیش کی ناہیدہ اختر اور ویسٹ انڈیز کی ہیلے میتیھوز بھی شامل ہیں۔