فواد چوہدری نے بھی مریم نواز کی گلوکاری کی تعریف کردی

(ن) کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کے لیے منعقد کی جانے والی تقریب کے دوران مریم نواز کی گلوکاری پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران  فواد چوہدری سے صحافیوں نے مریم نواز کی گلوکاری سے متعلق بھی سوال کیا جس پر انہوں نے مریم نواز اور شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شریف کی تعریف کی۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی تعریف کرتا ہوں کیوں کہ جب نجی محفلیں ہوتی ہیں اور خاندان کے افراد ایک ساتھ بیٹھتے ہیں  تو اس میں گانے بھی گائے جاتے ہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور حمزہ نے بہت اچھا گایا ، ایک نارمل پاکستان ایسا ہی ہے اس میں کوئی اعتراض کی بات نہیں ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ان کو نجی زندگی میں آنے والی خوشیاں مبارک ہوں، ہمارا ان سے سیاسی اختلاف ہے، ہمارا صرف اعتراض اتنا ہے کہ ہمارے پیسوں سے شادیاں نہ کریں جو پیسہ ہمارا ان کے پاس ہے وہ ہمیں واپس کردیں، محفل میں ان کی گلوکاری کرنے سے کوئی اعتراض نہیں۔

جنید صفدر کی شادی کی تقریب میں مریم نواز کی گانا گاتے ہوئے ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل  ہوئی تھیں  جس میں انہیں گانا ’جب کوئی بات بگڑ جائے‘  اور’  چرالیا ہے تم نے ‘ گنگناتے دیکھا گیا تھا۔