میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم کے زیر اہتمام سائکلنگ ریس منعقد

اسلام آباد (……..) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم کے زیر اہتمام سائکلنگ ریس منعقد کی گئی جس کو ٹور آف اسلام آباد کا نام دیا گیا۔ اس کا مقصد اسلام آباد کے سیاحتی مقامات، پاکستان مونومنٹ، مرغزار چڑیا گھر، مارگلہ ہلز، مونال، اسلام آباد سے مری، پارلیمنٹ، ڈی چوک، نائنتھ ایونیو، بلیو ایریا، ایف نائن پارک سمیت دیگر علاقوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان خصوصا اسلام آباد محفوظ ترین اور سیاحت کے اعتبار سے انتہائی دلکش ملک ہے۔ ٹور آف اسلام آباد وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق چئیرمن سی ڈی اے عامر علی احمد اور محمد حمزہ شفقات ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی/ ڈی سی اسلام آباد کی خصوصی ہدایت پر چیف میٹروپولیٹن آفیسر کیپٹن(ر) سید علی اصغر کی زیر نگرانی ڈائریکٹر سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم عامر شہزاد اور انکی ٹیم نے ترتیب دیا۔ فوکل پرسن ایم سی آئی ڈاکٹر ایم عبداللہ تبسم کے مطابق ٹور آف اسلام آباد میں چاروں صوبائی ٹیمیں، اسلام آباد، مختلف ڈیپارٹمنٹس سمیت غیر ملکی مرد/خواتین سائیکلسٹ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ایونٹ میں دیگر اداروں خصوصا اسلام آباد پولیس، ٹریفک پولیس، 1122، موٹروے پولیس، جڑواں شہروں کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا تعاون رہا۔ پہلے مرحلے میں مرغزار چڑیا گھر سے مونال کا فاصلہ طے کیا گیا جبکہ دوسرے روز پاکستان مونومنٹ سے مری مسیاڑی ٹرن تک ساٹھ کلو میٹر کی سائیکل ریس اور فائنل مرحلہ اسلام آباد میں ڈی چوک سے نائنتھ ایونیو کے گیارہ چکر لگا کر سو کلو میٹر کا فا صلہ طے کیا گیا۔ اسلام آباد میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ تھا جس کو شریک ٹیموں اور غیر ملکیوں نے خوب سراہا۔ ریس کے اختتام پر اول، دوم اور سوم آنے والوں میں کیش، ٹرافیز، سرٹیفکیٹس اور گفٹس تقسیم کیے گئے۔ خواتین کیٹگری میں زہرہ اور غیر ملکی انتونیا پیٹرز پہلے نمبر پر رہی جبکہ مردوں کی کیٹگری مینز پروفیشنل میں علی الیاس اور مینز ماسٹرز میں غیر ملکی رائمنڈ نے پہلے نمبر پر رہ کر نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی محمد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس منعقد کرنے کا مقصد کھیلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صحت کیلئے بھی بےحد ضروری ہے۔ مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ شہریوں اور کھلاڑیوں کو صحت مند تفریح میسر آ سکے، مارگلہ ہلز، مونومنٹ سمیت دیگر مقامات کی سیاحتی اہمیت کو بھی اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کامیاب ایونٹ پر ڈائریکٹر سپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم ایم سی آئی عامر شہزاد اور انکی پوری ٹیم کی اس کاوش کو سراہا اور شاباش دی