بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا ۔سردار فہیم اختر ربانی

مظفرآباد()آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی  نے کہا ہے کہ بھارتی  وزیراعظم مودی کی فسطائیت اور آر ایس ایس کے مسلم کش منصوبے جنوبی ایشیا کے امن کے لئے مسلسل خطرہ ہیں ۔ بھارت میں موجود اقلیتوں کو مودی اور بی جے پی کے مظالم سے نجات دلائی جائے۔ بھارت کے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود  کشمیریوں نے کبھی اسکے جابرانہ قبضے کو تسلیم نہیں کیا ہے  ۔کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجینڈا ہے جس کو حل کرنے کیلیے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری عوام اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انہیں انصاف دلانے کیلیے اپنا کردار ادا کریں ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار انسانی۔حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی بیان  میں  کیا ۔انہوں نے کہا کہ  انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔انہوں نے کہا کہ  بھارتی فوج نے کشمیریوں کی مرضی و منشا کے برخلاف مقبوضہ کشمیر پر 1947 میں فوجی قبضہ کیا اور  بھارت الحاق کی جو دستاویز پیش کرتا ہے وہ جعلی ہے اور تاریخی حقائق کے برخلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اسوقت نو لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج تعینات ہے جو کسی بھی علاقے میں اب تک کی سب سے زیادہ فوجی موجودگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ہزاروں افراد جیلوں میں بند پڑے ہیں جبکہ لاکھوں کو شہید کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر وہ واحد خطہ ہے جہاں آدھی بیواوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے کیونکہ بھارتی فوج ہر دن لوگوں کو لاپتہ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کے ذریعے لاک ڈاون کیا ہوا ہے جہاں لوگوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کر دیا گیا ہے ۔انہوں  نے کہا کہ بھارت نے تقسیم کشمیر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ہئیت کو متاثر کرنے اور کشمیریوں کی قانونی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ متنازعہ علاقے میں ڈیمو گرافی کو تبدیل کیا جا سکے مگر اسے اس میں ناکامی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اس لئے بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے اسکی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کا نوٹس لے ۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباو ڈالیں  کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔