’پاکستان کیلئے جو تکالیف اٹھائیں وہ دوبارہ اٹھانے کو تیار ہوں ‘
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا پاکستان کے لیے کھیلنے جذبہ آج بھی زندہ ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شعیب اختر نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستان کے لیے آج بھی خود میں پائے جانے والے جذبے کا اظہار کیا۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں شعیب اختر کو گھٹنے میں انجیکشن لگواتے اور اس دوران برداشت کیے جانے والے درد سے کراہتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شعیب اختر نے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنے کے دوران جو تکالیف اٹھائیں، اگر ایک بار پھر موقع ملے تو دوبارہ اٹھانے کو تیار ہوں ۔
کیپشن میں فاسٹ بولر کی جانب سے انجیکشن لگوانے کی وجہ بھی بتائی گئی، شعیب اختر نے بتایا کہ چونکہ میرے آپریشن میں 2 ماہ کی تاخیر ہوئی ہے لہٰذا مجھے اس انجیکشن کا سہارا لینا پڑا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے مداحوں کو اپنی گھٹنوں کی سرجری کے حوالے سے اطلاع دی تھی۔
شعیب اختر نے اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی گھٹنوں کی سرجری کے لیے آسٹریلیا کے شہر میلبرن جا رہے ہیں۔