اداکار شان کا وزیراعظم سے بھارتی فلموں کی ریلیز روکنے کا مطالبہ
لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار شان نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی ثقافتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے ملک بھر میں بھارت کی کوئی فلم ریلیز نہ ہونے دیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکار شان نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ بھارت نے پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور موسیقاروں سمیت پاکستانی مواد پر پابندی لگا رکھی ہے،لہذا باہمی معاملات میں وقار اور مساوات کو مدنظر رکھا جائے۔
شان کی یہ خصوصیت رہی ہے کہ وہ ملکی مفاد کے آگے جھوٹی شہرت سمیت کسی چیز کو فوقیت نہیں دیتے، پاکستانی شوبز انڈسٹری کے تحفظ اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ان کے اکثر بیانات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اداکار کے مذکورہ بیان کی بھی مداحوں کی جانب سے پذیرائی کی جا رہی ہے۔