وفاقی حکومت نے لاپتہ شہری کی فیملی کو 16 لاکھ روپے ادا کردیے

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سے پانچ سال سے لاپتہ عمران خان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست میں اہم پیش رفت ہوگئی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے لاپتہ شہری کی فیملی کو اخراجات کی مد میں 16 لاکھ روپے ادا کر دئیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتہ عمران خان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے بتایا کہ 13 اگست کے آرڈر کے مطابق 16 لاکھ روپے کی ادائیگی کردی گئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ کچھ ادائیگی ہوئی ہے لیکن جو بیان حلفی میں ذکر تھا مکمل نہیں ہوئی۔

چیف جسٹس نے سیکریٹری انسانی حقوق کو لاپتہ شہری کی بازیابی کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی کوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔  سیکریٹری وزارت انسانی حقوق نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے اس کیس کو پراسس کیا تھا اب میں دیکھ لیتا ہوں۔

عدالت نے کیس کو دیگر لاپتہ افراد کے کیسز کے ساتھ منسلک کرکے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔