17 دسمبر، 2021:۔ پی اے ایف ہسپتا ل کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر سے متعلق عوام بالخصوص خواتین کی آگہی کے لئے پی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میں ایک مہم کا انعقاد کیا گیا۔ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھیں۔ انکی آمد پر بیگم مریم بابر، صدرپاکستان ائیر فورس وویمن ایسوسی ایشن نے انکا استقبال کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بیماری میں مبتلا غریب خواتین کی مدد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اور اس آگہی مہم سے نہ صرف بیماری کی تشخیص میں مدد ملے گی بلکہ اس بیماری کے بارے میں کھل کر بات کرنے کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے ملک کے دوردراز علاقوں میں مفت میڈیکل کیمپوں کے ذریعے آگاہی پیدا کرنے اور کلینک قائم کرنے میں پی اے ایف کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پی اے ایف ہسپتال اسلام آباد کو مہم کے کامیاب انعقاد اور اس بیماری کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے علاوہ کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر بھی مبارکباد پیش کی۔
قبل ازیں، بیگم مریم بابر، صدرپاکستان ائیر فورس وویمن ایسوسی ایشن نے اپنے خطاب میں بریسٹ کینسر کے بارے میں آگہی کی اہمیت پرزور دیا۔ پی اے ایف کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ خواتین میں اس بیماری کے بارے میں شعور پیدا کرنے کے لئے حکومت کی بھرپور مدد کرنے کے لئے پر عزم ہے اور پاک فضائیہ نے شور کوٹ، جیکب آباد اور میانوالی میں اس مرض کے علاج کے لئے جدید ترین کلینک قائم کئے ہیں۔