جون 2022 میں ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان آئے گی: چیئرمین پی سی بی
لاہور: (روزنامہ دنیا) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم آئندہ برس جون میں پاکستان آئے گی۔
ٹوئٹر پر رمیز نے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے قومی ٹیم کے کھیل کی تعریف کی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز ملتوی ہونے پر رمیز راجہ نے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ون ڈے میچز کینسل ہوگئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جون 2022 میں فل اور فٹ ویسٹ انڈیز ٹیم آئے گی۔
خیال رہے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے مابین ون ڈے سیریز کو ملتوی کر دیا گیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئی، ویسٹ انڈین ٹیم کے جو کووڈ ٹیسٹ ہوئے، ان میں تین کھلاڑیوں اور میڈیا منیجر کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
بدھ کے روز ہونے والے دوسرے کووڈ ٹیسٹ میں بھی تین کرکٹرز، اسسٹنٹ کوچ اور ٹیم ڈاکٹر کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے۔ ویسٹ انڈیز کے پاس اب کھیلنے کے لیے صرف 14 کھلاڑی دستیاب تھے۔