سائیکل چلانا دیگر ورزشوں سے بہتر کیوں؟
چہل قدمی اورورزش کے انسانی جسم پر اپنے فوائد ہیں لیکن ماہرین کے نزدیک سائیکل چلانے کے فوائد اس سے کہیں زیادہ ہیں اور آپ یہ فوائد
2 سے 4 ہفتوں میں حاصل کرسکتے ہیں۔
درج ذیل میں سائیکلنگ کے فوائد تحریر کیے جارہے ہیں جنہیں مطالعہ کرنے کے بعد یقیناً آپ کے اندر سائیکل چلانے کی جستجو پیدا ہوجائے گی۔
1) سائیکل چلانا بھی ایک ورزش ہے، دیگر ورزشوں میں جسم پر زیادہ دباؤ پڑنے اور چوٹیں پہنچنے کا امکان ہوتا ہے لیکن سائیکل چلانے میں یہ امکان انتہائی کم ہوتا ہے۔
2) سائیکلنگ کے دوران آپ کے جسمانی پٹھے بحیثیت مجموعی کام کررہے ہوتے ہیں، بالٓفاظ دیگر پٹھوں کی صحت کیلئے بھی سائیکلنگ ایک بہترین آپشن ہے۔
3) سائیکلنگ ورزش کی آسان قسم ہے۔ دیگر اسپورٹس یا ورزشوں کو اگر دیکھا جائے تو اس میں کہیں نہ کہیں مہارت کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ دوسری جانب سائیکل چلانا تقریباً ہر شخص کو آتا ہے، اس میں زیادہ مہارت درکار نہیں ہوتی۔
4) سائیکلنگ جسمانی قوت برداشت، طاقت اور ایروبک صلاحیت (جسم میں زیادہ آکسیجن پہنچانے والی ورزش) میں اضافہ کرتی ہے۔
5) سائیکلنگ کو جسمانی استعداد کے مطابق گھٹایا یا بڑھایا جاسکتا ہے اور دونوں صورتوں میں فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ یعنی کسی چوٹ یا بیماری میں سائیکل کم بھی چلائی جاسکتی ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس کے دورانیے کو بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔
6) یہ جسم کو تندرست رکھنے کا پُرلطف طریقہ بھی ہے۔ گھر سے باہر نکل کر سڑکوں یا پارکوں میں جاکر یا نشیب و فراز والی جگہوں پر گزرنا ورزش کے ساتھ ساتھ ایڈونچر بھی مہیا کرتا ہے بنسبت ان ورزشوں کے جو مخصوص وقت اور جگہ اور چار دیواری مانگتی ہیں۔
7) سائیکل چلانا ورزش کے ساتھ ایک اچھا ٹرانسپورٹ کا ذریعہ بھی ہے۔ گاڑیوں، بسوں، ٹرینوں میں سفر کرتے ہوئے بیٹھے رہنے کے مقابلے میں سائیکل آپ کو حرکت میں رکھتی ہے جس کی وجہ سے بیزاریت نہیں ہوتی۔