کبریٰ خان نے زندگی کے مشکل ترین دور کا حال کہہ سنایا

کراچی: () اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور کا حال کہہ سنایا ہے، انہیں کینسر ہونے کا خدشہ لاحق ہو گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے ایک ویب شو میں دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ گذشتہ 2 سال ان کی زندگی کا انتہائی خوفناک دور تھا، جنوری میں لندن چلی گئی جہاں میڈیکل چیک اپ کروایا۔ ڈاکٹر نے میرے جسم میں گلٹی دریافت کی جس کے بعد انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر کینسر ہے، مجھے اس چیز کی بالکل توقع نہیں تھی۔

کبریٰ خان نے کہا کہ اس وقت میں نے سوچا کہ الحمد اللہ مجھے بروقت اس بیماری کا علم ہو گیا، ڈاکٹرز نے اس وقت کہا کہ میرا فوری آپریشن کرنا ہو گا تاکہ گلٹی کو نکال کر دیکھا جا سکے کہ اگر یہ کینسر ہے تو آپ کون سی سٹیج پر ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ میرے دو آپریشنز کئے گئے ۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ یہ کینسر نہیں تھا لیکن علاج میں تھوڑی دیر ہو جاتی تو یہ کینسر کی بدترین قسم میں تبدیل ہو سکتا تھا۔