امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان کا افغانستان کے اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ
واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان نے صدرجوبائیڈن سے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی صدرجوبائیڈن اورامریکی محکمہ خزانہ کولکھے گئے خط میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے ارکان نے افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
خط میں ارکان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پرامریکی اتحادیوں اورانسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی حکومت افغانستان کے لئے ایسے معاشی اقدامات سے گریز کرے جس کا نقصان افغان بچوں اورعورتوں سمیت افغان عوام کواٹھانا پڑے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ افغانستان کی تباہ حال معاشی حالت سے انسانی المیہ پیدا ہونے اور خطے میں مہاجرین کے نئے بحران کا خدشہ ہے۔ امریکا فوری طورپرافغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرے۔
افغانستان کے اثاثوں پرپابندی سے 2022 میں 20 سال کے دوران ہونے والی اموات سے زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔