زندگی میں کبھی فحش فلمیں بنانے میں ملوث نہیں رہا، راج کندرا

ممبئی: فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتار اور پھر ضمانت پر رہا ہونے والے بھارتی بزنس مین راج کندرا کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں کبھی فحش فلمیں بنانے میں ملوث نہیں رہے۔

رواں برس جولائی میں بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر بزنس مین راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپ پر نشر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے انہیں دو ماہ بعد ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

جیل سے باہر آنے کے بعد راج کندرا نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی لیکن گزشتہ روز انہوں نے اس کیس کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں راج کندرا نے کہا کہ پورنو گرافی کیس میں میرے خلاف مہم چلا ئی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میری خاموشی کو غلط سمجھاجارہا ہے اور میرے خلاف میڈیا پر کافی گمراہ کن اور غیرذمہ دارانہ بیانات اور مضامین  گردش کررہے ہیں۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں زندگی میں کبھی فحش مواد بنانے یا اسے تقسیم کرنے کے عمل میں ملوث نہیں رہا۔

راج کندرا نے کہا میڈیا مجھے پہلے ہی مجرم قرار دے چکا ہے۔ تاہم اب میں چاہتا ہوں کہ میرا میڈیا ٹرائل بند کیا جائے۔ کیونکہ اس کی وجہ سے مسلسل مجھے اور میری فیملی کو  تکلیف پہنچ رہی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف سطحوں پر میرے انسانی اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

بھارتی بزنس مین نے کہا میں  شرم سے منہ نہیں چھپاتا، لیکن چاہتاہوں کہ اس مسلسل میڈیا ٹرائل کے ساتھ اب مزید میری زندگی اور پرائیویسی میں مداخلت نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ راج کندرا کی گرفتاری کے بعد متعدد اداکاراؤں نے سامنے آکر راج کندرا کے خلاف بیانات دئیے تھے اور اداکارہ شرلین چوپڑا نے راج کندرا پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا۔