عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستان کی اپیل پر توجہ دے فہیم کیانی اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس تنازعہ کشمیر کے لیے مددگارثابت ہو سکتا ہے

برمنگھم()تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ سے ملاقات میں غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس سے کشمیریوں کی منصفانہ اور حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی حمایت کے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے دنیا بھر میں اور برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے وزیر اعظم پاکستان کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔فہیم کیانی نے کہاکہ عمران خان نے او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کے عوام کیلئے آواز بلند کی ۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے پاکستان کی اپیل پر توجہ دیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے ۔وزیر اعظم خان نے او آئی سی کے اجلاس کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام اپنی منصفانہ جدوجہد میں مدد کیلئے عالم اسلام کی توجہ کے منتظر ہیں ۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر نے کہا کہ 41سال بعد او آئی سی کی خصوصی سربراہی کانفرنس کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں اب بھی ضمیر اور انسانیت ابھی زندہ ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھی چاہتے ان کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اس طرح کا سربراہ اجلاس مددگارثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ او آئی سی ہی مقبوضہ علاقے میں کشمیریوںکی نسل کشی اور جنگی جرائم بند کرانے اور آبادی کے تناسب کو بگاڑنے سے روکنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانا کیلئے اہم فورم ہے ۔