کراچی () 21 دسمبر 21: پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ میں یوم والدین کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کالج آمد پر نیول چیف کا پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ کموڈور مسعود الحسن نے استقبال کیا جبکہ کیڈٹس کی جانب سے مہمان خصوصی کوگارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے انعامات حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دی اور تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ان کی کارکردگی کو سراہا۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ کے اساتذہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ملک بھر خصوصا بلوچستان کے نوجوان کیڈٹس کے کیرئیر کی مضبوط بنیاد رکھنے پر سراہا۔ مہمان خصوصی نے صحت اور تعلیم کے شعبوں اور بلوچستان کی ساحلی پٹی کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ نیول چیف نے اس امر کو اجاگرکیا کہ مقامی آبادی کو تعلیم دے کر گوادر پورٹ اور سی پیک میں مختلف اقتصادی پالیسیوں اور منصوبوں سے سود مند نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ مزید براں معیاری تعلیم خطے میں غربت اور بے روزگاری سے نجات کا واحد راستہ ہے۔
قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں، پرنسپل پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ نے تعلیمی، نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کیڈٹس کی کارکردگی کی تفصیل پیش کی۔ پرنسپل نے یوم والدین اور سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں شرکت پر چیف آف دی نیول اسٹاف اور کیڈٹس کے والدین کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں سول اور فوجی حکام، بلوچستان کے مقامی معززین اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔