پریانکا چوپڑا نے اپنے نام کیساتھ لگا شوہر کا نام ہٹانے کی وجہ بتادی
ممبئی: نامور بالی ووڈ اور ہالی ووڈ اداکارہ پریانکاچوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے نام کے ساتھ لگا شوہر کا نام ہٹانے کی وجہ بتادی۔
گزشتہ ماہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی جانے والی ایک معمولی سی تبدیلی نے دنیا بھر کے لوگوں کو پریشان کرکے رکھ دیا تھا۔
دراصل پریانکا چوپڑا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنے نام کے ساتھ لگا اپنے شوہر نک جونس کا نام ہٹادیا تھا اور پریانکا کی اس معمولی سی حرکت سے دنیا بھر میں ان کی اور نک جونس کے درمیان طلاق کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔
جب افواہیں حد سے زیادہ بڑھ گئیں تھیں تو پریانکا کی والدہ مدھو چوپڑا نے میڈیا پر اپنی بیٹی اور نک جونس کی طلاق کی افواہوں کی تردید کی تھی۔ لیکن پریانکا نے اس معاملے پر ابھی تک مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی تاہم اب انہوں نے خاموشی توڑ دی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب پریانکا چوپڑا سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو اداکارہ نے اپنے نام کے ساتھ لگا اپنے شوہر کا نام ہٹانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر ایک ہی ’’یوزر نیم‘‘ رکھنا چاہتی تھیں اسلیے انہوں نے انسٹاگرام سے اپنے نام کے ساتھ لگا’’جونس‘‘ ہٹادیا تھا۔
پریانکا نے کہا کہ ان کی ایک چھوٹی سی تفریح کس طرح لوگوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گئی۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کی ہالی ووڈ فلم ’’ دی میٹرکس‘‘ آج سینما کی زینت بنے گی۔ فلم میں پریانکا ستی کا کردار ادا کررہی ہیں۔