برطانوی پارلیمنٹ تنازعہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے ،صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد 23دسمبر ()
آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار برطانوی رکن پارلیمنٹ اور برطانوی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر اور برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنا اثر ورسوخ استعمال کر کے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو بند کرانے کیلئے یورپی پارلیمنٹ پر دبائو بڑھاسکتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے صدر نے برطانوی سیاست دانوں سے کہا کہ انہیںیقینی طور پر نہ صرف مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بلکہ بھارت بھر میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے امتیازی سلوک کے خلاف بھی اپنی آواز بلند کرنی چاہیے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ پہلے مسئلہ کشمیر کو لیبر پارٹی کے منشور میں شامل کیا گیا تھاتاہم اب وہ پارٹی کے منشور میں شامل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے رواں سال اکتوبر میں برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کیاتھا جس میں پچاس سے زائد ممبران موجود تھے اوران ممبران پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت کی تھی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ کشمیری عوام کو برطانوی پارلیمنٹ سے بڑی توقعات ہیں لہذا اسے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی پارلیمنٹ اور حکومتوں کو مسئلہ کشمیر کو اٹھانا چاہیے۔
واضح ر ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کے 28ارکان نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کامعاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا ہے۔ برطانوی قانون سازوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میںمقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرسخت تشویش کے اظہار کے علاوہ کشمیری انسانی حقوق کے ممتاز محافظ خرم پرویز کی گرفتاری پر بھی افسوس ظاہر کیا ہے ۔یہ خط کل جماعتی پارلیمانی گروپ برائے کی سربراہ ڈیبی ابراہمز نے لکھا ہے جس پر تمام برطانوی سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ اور لارڈز کے دستخط موجود ہیں۔ برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے بھارت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ خاص طورپرگزشتہ ماہ سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کی آزادانہ اور شفاف انکوائری کے حوالے سے اپنا ردعمل پیش کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ خرم پرویز کو جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی جس کے وہ کوآرڈینیٹر ہیں کی طرف سے شہریوں کے جعلی مقابلوں میں قتل پر بھارتی قابض افواج پر تنقید کے بعد گرفتار کیا گیا ۔