پاکستان کو حقیقی فلاحی واسلامی ریاست بنانے کے لیے قائداعظم کی تعلیمات پرعمل کی ضرورت ہے، چودھری عبیداللہ
اسلام آباد(پریس ریلیز) نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز(NAPS) کے مرکزی صدر چودھری عبیداللہ نے کہاہے کہ قائداعظم کی شبانہ روز کوششوں اورقائدانہ صلاحیتوں کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو الگ وطن دیکھنا نصیب ہوا، قائد کی تعلیمات سے نئی نسل کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے تاکہ وطن کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکے،یوم قائد پر ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے جمعہ کو کیئریر سکول اینڈ گرلز کالج میں منعقدہ یوم قائد کی رنگارنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اساتذہ کرام، طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے جن میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج تحسین پیش کیاگیا۔ اپنے خطاب میں چودھری عبیداللہ نے بچوں کو قائداعظم کی زندگی کے مختلف پہلووں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے الگ وطن کا خواب دیکھنے سے پہلے خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا اور پیشہ کے لحاظ سے وکالت کو چنا، اپنی علم، شعور اور لگن کی بدولت انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو انگریز اور اس کے پٹھو ہندو بنیے سے نجات دلانے کے لیے دیگر مسلمان قائدین کے ساتھ ملک کرمسلم لیگ کی بنیاد رکھی جس نے 14اگست1947ء کو پاکستان کے قیام تک مسلسل محنت اور مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کرنے کے جدوجہدکی، چودھری عبیداللہ نے طلبا کو بتایاکہ قائد اعظم پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے جہاں پر تمام بسنے والوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔ بدقسمتی سے ان کی زندگی نے زیادہ ساتھ نہ دیا اور وہ ملک کو پھلتا پھولتا نہ دیکھ سکے تاہم ان کا لگایا ہوا پودا آج بھی پھل پھول رہاہے اور اس کی ترقی کے لیے نئی نسل کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آج بھی قائد کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔