قائداعظم ٹرافی کی ٹیموں کوہوٹل سے نکالنے کی تحقیقات کی جائیں گی،رمیز راجا

کراچی: چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کوہوٹل سے نکالنے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اورسپورٹ اسٹاف کوہوٹل سے نکالنے پر بہت افسوس ہوا۔ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

چئیرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے فروغ کی خاطر  نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جدید سہولیات والے معیاری ہوٹل کا قیام  بہت ضروری ہے۔مختلف سرمایہ کاروں کو انکلوژر فروخت کریں گے تاکہ شائقین زیادہ آسکیں۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ  جونئیر لیگ  کے ساتھ ویمن پی ایس ایل بھی کرانا چاہتے ہیں۔پاکستان کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے کے لیے پیسہ بہت ضروری ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ 11 سال کے بچے کو ٹیسٹ کرکٹر بنانے پر کام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاروں نے پی ایس ایل انڈر19 کے حقوق مانگے ہیں۔