اسلام آباد 24 دسمبر 2021: چین میں پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے چوتھے ٹائپ 054 کلاس فریگیٹ کی لانچنگ کی تقریب ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ شنگہائی میں منعقد ہوئی۔
چار جدید ترین فریگیٹس میں سے پہلا 054 جہاز پی این ایس تغرل کمیشن ہونے کے بعد پاکستان پہنچ چکا ہے۔ ٹائپ 054 فریگیٹس تکنیکی طور پر پاک بحریہ کے بیڑے کے جدید ترین جہازوں میں سے ایک ہوں گے جو جدید ترین سطح آب، زیر آب، اینٹی ایئر ویپن سسٹم، جدید جنگی آلات اور سینسرز سے لیس ہوں گے۔ ان بحری جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کے بیڑے کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جس سے بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے چیف نیول اوورسیئر کموڈور راشد محمود شیخ نے 19 Covid کی وبائی صورتحال کے باوجود اس اہم پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل پر چینی بحریہ، چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی اورہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ کے تعاون کو سراہا۔ تقریب میں چینی بحریہ، چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی اورہڈونگ ژونگوا شپ یارڈکے سینئر افسران نے شرکت کی۔
چوتھے بحری جہاز کی کامیاب لانچنگ تقریب پاک چین دفاعی اور سفارتی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔