آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا قدیم تاریخی قلعہ روہتاس کا دورہ

میرپور()24 دسمبر 2021آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے ججز صاحبان کے ہمراہ قدیم تاریخی قلعہ روہتاس کا دورہ کیا۔دوررہ کے دوران سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم،جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، ایڈھاک جج سپریم کورٹ جسٹس محمد یونس طاہربھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے قدیم تاریخی قلعہ روہتاس کا جائزہ لیا اور اس کی تاریخی اہمیت اور ورثہ کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ قلعہ جنگی حکمت عملی کے تحت شیر شاہ سوری نے سولہویں صدی میں تعمیر کرایا تھا۔سولویں صدی کا شاہکار آج بھی قدیم فن تعمیر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔قلعہ میں شاہی محل، رانی محل، شیشی دروازہ، طلاقی دروازہ، پھانسی گھاٹ اور شیر کے پنجرے آج بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ قلعے کے اندر شاہی مسجد کی شاندار تعمیر بھی عظمت رفتہ کی کہانی بیان کرتی ہے۔کئی جنگوں میں اپنے مکینوں کو پناہ دینے والا یہ قلعہ آج سیاحتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے نہایت ہی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس قومی ورثہ اور قدیم فنون تعمیرات کی حفاظت کے لئے توجہ نہیں دی گئی ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان اور محکمہ آثار قدیمہ اس قومی ورثے کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں تاکہ اس سے سیاحت کو فروغ مل سکے اور نئی نسل بھی قدیم تاریخی ورثہ سے روشناس ہوسکے۔