اسلام آباد میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ساتھی اہلکار زخمی

اسلام آباد: تھانہ کوہسار کے علاقے میں پولیس اہلکار اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

تھانہ کوہسار کی موبائل گاڑی معمول کی پٹرولنگ پر تھی کہ پیچھے بیٹھے کانسٹیبل نجم الحسن کی غفلت سے فائر ہونے پر ساتھی اہلکار حماد زخمی ہوگیا۔

زخمی اہلکار کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جس کا علاج معالجہ جاری ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کردیا ہے ۔ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز کو معاملے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔