مقبوضہ کشمیر ،بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانوں میں بارشیں سردی کی شدت میں اضافہ
سرینگر ( ) محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے عین مطابق گذشتہ شام مغربی ہوائوں کا اثر مقبوضہ جموں وکشمیر پر پڑنا شروع ہوا ، جس کے ساتھ ہی پیر پنچال کے آر پار بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانوں معمولی بارشیں ہوئیں ۔شوپیاں میں ہیر پورہ ، پیر کی گلی ،سکھ سرائی،لال غلام اور مغل سرائے میں شام سے برفباری جاری رہی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔ کولگام کے بالائی علاقوں نندی مرگ ،دینو کنڈی مرگ، اہر بل سمیت دیگر علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں جاری ہیں، جبکہ اسلام آبادسے بھی یہ اطلاعات ہیں کہ پہلگام ، کوکرناگ اور دیگر اوپری علاقوں میں برف باری جاری ہے ۔کپوارہ میں کیرن کی پھرکیاں ٹاپ ، زیڈ گلی اور کرناہ کپوارہ شاہراہ پربرف باری کا سلسلہ شروع ہو ا اور اتوار کی شام دیر گئے تک نستہ چھن گلی پر 5انچ ، زیڈ گلی مژھل میں 2انچ اور پھرکیاں ٹاپ پر 2انچ برف جمع ہو چکی تھی۔ جبکہ ٹنگڈار ، لولاب سوگام ، ہندوارہ کے میدانی علاقوں میں بارشیں جاری ہیں ۔ سونہ مرگ، زوجیلا ،منی مرگ، گومری ،دراس، گگن گیر ،کلن، گنڈ ،میں بعد دوپہر سے ہلکی برفباری کا آغاز شروع ہوا جس کی وجہ سے سردی کی لہر بڑھ گئی۔ ۔ بانڈی پورہ کے گریز ، رازدان ٹاپ اور تلیل کے علاوہ داور میں بھی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری شروع ہوئی ، جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ گلمرگ کے افروٹ، کنگڈوری، بابا ریشی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ پٹن ،ٹنگمرگ، سوپور ،رفیع آباد، بارہمولہ اور اوڑی میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔بڈگام ضلع کے یوسمرگ ، دودھ پتھری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری کی اطلاعات ہیں اور وہاں پر بھی برف باری کا سلسلہ اتوار کی دوپہر سے شروع ہواجوشام تک جاری تھا ۔ادھر ٹنل کے اس پار ڈوڈہ ، کشتواڑ، رام بن اور پونچھ کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ وہاں میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔ سرینگر جموں شاہراہ پر بعد دوپہر برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو ۔شاہراہ پر زگ لور منڈا سے لے کر جواہر ٹنل تک سفید پرت بچھ گئی۔ رامسو، ادھم پور اور بانہال میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ادھرمحکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے مطابق جموں وکشمیر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشگوئی پہلے ہی کی گئی تھی کہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں ۔ کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہو گی، میدانی علاقوں میں 2سے3انچ اور بالائی علاقوں میں 5سے6انچ تک برف جمع ہو سکتی ہے اور یہ سلسلہ 28تک جاری رہے گا، ڈوڈہ ، کشتواڑ جواہر ٹنل پیر پنچال رینج میں درمیانہ سے بھاری برف باری جبکہ لداخ خطہ میں بھی 26کی رات سے 27کی رات تک پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو گی، علاوہ ازیں جموں صوبے کے اونچے علاقوں میں گذشتہ روز پٹنی ٹاپ، نتھہ ٹاپ اور جواہر ٹنل کے آس پاس کے علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔نتھہ ٹاپ اور جواہر ٹنل سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پٹنی ٹاپ، نتھہ ٹاپ اور جواہر ٹنل کے علاقوں میں ایک سے دو انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے ،برفباری کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دوطرفہ آمد ورفت جاری ہے، برف باری کی وجہ سے درجہ حرارت ریکارڈ سطح سے کم ہوا ہے اور ضلع بھر کے رہائشیوں کو گرم کپڑے پہننے پر مجبور کر دیا ہے۔ بٹوت، رام بن، بانہال، گول اور رامسو کے دکاندار سردی کی وجہ سے معمول سے بہت پہلے شٹر بند کرنے کو ترجیح دے دی