’ آپ جادوگرنی ہیں‘، یاسر کا شادی کی دوسری سالگرہ پر دلچسپ پیغام
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی اقرا عزیز اور یاسر حسین اپنی شادی کی دوسری سالگرہ آج منارہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یاسر نے اقرا کے ہمراہ شادی کے روز لی گئی ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی کی دوسری سالگرہ پر خوبصورت پیغام دیا۔
یاسر نے اقرا کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ’ یہ دو سال کیسے گزرے صرف میں جانتا ہوں‘ اس کے بعد انہوں نے ایموجی کے ساتھ آگے لکھا کہ ’میرا مطلب ہے کہ پتا بھی نہیں چلا‘۔
یاسر نے لکھا ’شادی کیا چیز ہوتی ہے سمجھ آگیا، میرا مطلب ہے کہ شادی کتنی خوبصورت ہوتی ہے یہ سمجھ گیا، ڈر کے مارے ایک ’شیر‘ یاد آگیا‘۔
ادکار نے اپنی پوسٹ میں ’شیر‘ کی دو مختلف ایموجی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اقرا سے کتنا ڈرتے ہیں جب کہ یاسر نے اپنی پوسٹ میں اقرا کو جادوگرنی بھی کہا۔
معروف کامیڈین نے لکھا کہ ’آپ نے مجھے ہر خوشی دی، آزادی کا کیا ہے 1947 سے پہلے بھی لوگ جی رہے تھے نا، آپ کے آنے سے ایک رونق (ہر وقت کا شور شرابہ ) آگئی ہے‘۔
یاسر نے پوسٹ میں اپنی ازدواجی زندگی اور مزید بچوں کے لیے دعا بھی کی اور لکھا کہ ’دعا ہے کہ ایسے ہی ہنسی مذاق میں زندگی گزرے اور آپ کا ساتھ ہمیشہ رہے، کبیر جیسے4 ، 5 کاکے کاکیاں اور بھی ہوں انشا اللہ‘۔
یاسر نے اپنی پوسٹ کو مزاحیہ بنانے کے لیے تاریخ بھی غلط درج کی۔
یاد رہے کہ اقرا عزیز نے یاسر حسین سے 2019 میں شادی کی تھی دونوں کا اب ایک بیٹا کبیر حسین بھی ہے۔